Jadid Khabar

انشو معاملہ میں امانت اللہ خان کو بھی ضمانت

Thumb

نئی دہلی 12 مارچ (یو این آئی) دہلی کے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملہ میں عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کو بھی آج دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔جسٹس مکتا گپتا نے امانت اللہ نے ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی 20 دن سے جیل میں ہیں اور اس معاملہ میں ان سے اب پوچھ گچھ کی ضرورت نہیں ہے ۔دہلی پولیس نے اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے دو اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے دیولی کے رکن اسمبلی پرکاش جروال کو بھی گذشتہ نو مارچ کو مشروط ضمانت دی تھی۔کورٹ نے جروال کو ضمانت دیتے ہوئے خبردار کیا تھاکہ مستقبل میں اگر وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے گئے تو ان کی ضمانت مستردکر دی جائے گی۔ جروال کو 20 فروری کو اس معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ چیف سکریٹری کے ساتھ مبینہ بدسلوکی 19 فروری کی آدھی رات کو وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔ انشو پرکاش کی شکایت پر دہلی پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے دو ممبران اسمبلی کو گرفتار کیا تھا۔ جمعرات کو دہلی کی عدالت نے گرفتار دونوں ممبران اسمبلی کی عدالتی حراست کی مدت 14 دن کے لئے بڑھائی تھی۔ اس سے پہلے بھی دونوں 14 دن عدالتی حراست میں گذار چکے تھے ۔سماعت کے دوران دہلی پولیس نے اسٹیس رپورٹ پیش کی، جس میں کہا گیا کہ خان کے خلاف 12 فوجداری مقدمات تھے ، جن میں سے تین میں ان کو بری کیا جا چکا ہے ۔