Jadid Khabar

تحریک کی سیاست نہیں عوام کی توقعات پوری کرنے کا وقت: مودی

Thumb

نئی دہلی، 10 مارچ ( یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے لئے ہر شخص تک ترقی کا فائدہ پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ اب ملک میں تحریک اور جدوجہد کی سیاست کی بجائے عوام کی خواہشات کو پورا کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔مسٹر مودی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی ہال میں دو روزہ ’قومی عوامی نمائندے کانفرنس‘کا افتتاح کرنے کے بعد اسمبلیوں اور قانون ساز کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسی مرکزی ہال میں بیٹھ کر ہمارے آئین سازوں نے غور و فکرکرکے سماجی انصاف پر مبنی معاشرے کی تعمیر کی بات کہی تھی۔ لیکن ہر ضلع کی یکساں ترقی اور ہر شخص کی خواہشات کو پورا کئے بغیر سماجی انصاف کا تصور ادھورا ہے ۔ سماجی انصاف تبھی یقینی ہوگا جب عوامی تعاون سے سبھی کی ترقی ہوگی۔ ترقی کی دوڑ میں پچھڑ گئے ملک کے 115 اضلاع میں پسماندگی کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ملک میں وسائل کی کمی نہیں ہے اور بجٹ بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے ۔پرانے بجٹ میں درست منصوبے تیار کرکے ، عوامی تعاون ، گڈ گورننس اور متحد ہوکر مشن موڈ میں کام کرکے منصوبوں کا نفاذ کرنے سے ان اضلاع کی خدو خال میں میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ اب ملک میں تحریک اور جدوجہد کی کٹر سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے ۔ جو لیڈر عوام کی خوشی -دکھ درد کا خیال رکھے گا اور ان کی تمناؤں اور خواہشات کی تکمیل کرے گا، وہ اسے ہی قبول کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ بیدار ہو چکے ہیں اور سماج بدل چکا ہے ، اس لئے لوگ ہی کٹر سیاست کو چھڑوارہے ہیں۔وزیر اعظم نے ترقی کا بہتر ماڈل بنانے کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے پرانے پیرامیٹرز کارگر نہیں ہیں۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پسماندہ اضلاع میں کچھ ایسے ہیں جہاں صنعتی ترقی تو خوب ہوئی ہے اور اعداد و شمار میں بھی وہ عمدہ تھے لیکن عوامی سطح پر وہ حیرت انگیز طور پر پیچھے تھے ۔اسي طرح کچھ امیر ریاستوں کو منریگا کا زیادہ پیسہ گیا جبکہ کچھ پچھڑوں میں اس کا کم پیسہ گیا جبکہ ہونا اس کے الٹا چاہیے تھا۔انہوں نے پسماندہ اضلاع میں پرجوش نوجوان ضلع مجسٹریٹوں کو تعینات کرنے کی تجویز پیش کی جن میں کام کرنے کا جذبہ ہو۔ انہوں نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی کہ پسماندہ اضلاع میں سے تقریبا 80 فیصد ضلع مجسٹریٹ 40سے زیادہ عمر کے تھے اور کئی پرموٹي تھے ۔ اس عمر میں خاندان کی فکر وغیرہ کی وجہ سے حکام میں کام کرنے کا جذبہ نہیں رہ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ 115 پسماندہ اضلاع میں سے 30 سے 35 نکسل متاثرہ ہیں، باقی میں آسانی کے ساتھ ترقی ممکن ہے ۔انسانی ترقیاتی انڈیکس میں ہندوستان کے 130 ویں نمبر پر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اگر اضلاع کی ترقی ہو جائے تو حالات اپنے آپ بہتر ہوجائیں گے ۔

Ads