Jadid Khabar

شامی فوج نے مشرقی الغوطہ کا ایک حصہ باغیوں سے چھین لیا

Thumb

دمشق ،9مارچ (ایجنسی ) شامی حکومت کی افواج نے دمشق کے نواح میں موجود زرعی زمین سمیت دیگر اراضی کو حزب اختلاف کے قبضے سے چھڑوا لی ہے۔بشار الاسد کی حکومت مشرقی الغوطہ کو باغیوں سے آزاد کروانے کے لئے شدید بمباری اور گولہ باری کا سہارا لے رہی تاکہ زمینی فوج کو اتارنے کی راہ ہموار ہوسکے۔شام میں مقامی صورتحال پر نظر رکھنے والے مانیٹرنگ ادارے شامی آبزرویٹری کے مطابق بمباری کے نتیجے میں پچھلے دو ہفتوں کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ روز بدھ کے دن 45 افراد حکومتی اور روسی طیاروں کی بمباری کا نشانہ بن کر جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔علاقے میں موجود ڈاکٹروں اور رہائشیوں کے مطابق الغوطہ میں شدید شیلنگ کی جارہی ہے اور متعدد لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی رہائشیوں نے الزام عاید کیا ہے کہ ممکنہ طور پر حکومتی بمباری میں کیمیائی گیس کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔شامی آبزرویٹری کے مطابق شامی حکومت کے فوجیوں نے رات گئے تک مشرقی الغوطہ کے آدھے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔

Ads