Jadid Khabar

کورونا وائرس کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن آخری آپشن:شیوراج

Thumb

بھوپال، 08 اپریل (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جیسا اقدام آخری آپشن ہے۔ کورونا وائرس کو روکنے اور مریضوں کے لیے ضروری انتظام کرنے کا کام مسلسل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مسٹر چوہان نے آج یہاں اسمارٹ پارک میں شجر کاری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے کورونا وائرس کے پیش نظر ریاست کے تمام شہروں میں جمعہ کی شام چھ بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک لاک ڈاؤن کرنا ضروری ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں تمام افسران کو ہدایت دی جا چکی ہے۔ تمام اضلاع کے کرائسس مینیجمنٹ گروپ کو میٹنگ کرکے اپنے اضلاع کے پیشنٹ لوڈ اور صورتحال کے پیش نظر ضروری اور مناسب فیصلہ کرنے کے لیے فوراً میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ضروری ہونے پر بڑے شہروں میں کنٹینمنٹ ایریا بھی بنائے جائیں گے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ ان تدابیر کے ساتھ ساتھ علاج کے انتظام و انصرام کی توسیع پر بھی ریاستی حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ ریاست میں بستروں کی تعداد 36 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کی جا رہی ہے۔ تمام اضلاع میں کووڈ کیئر سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ سرکاری اسپتالوں کے ساتھ نجی اسپتالوں کا بھی تعاون لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد ریاست کے تمام اضلاع کے کلیکٹر اور پولیس افسران سے ویڈیو کانفرنسنگ کروں گا۔ کابینی رفقاء کے ساتھ نو اپریل کو تین بجے اور ریاست کے تمام اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی سے شام 5 بجے بات چیت ہوگی۔ سب کو اعتماد میں لے کر کورونا کے خلاف جنگ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ یہ امتحان کی گھڑی ہے، ہم ساتھ مل کر لڑیں گے اور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے باشندے ماسک کا استعمال کرتے ہوئے سوشل ڈسٹینسنگ بنائے رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئے اور غیر ضروری گھر سے باہر نہیں نکلے۔