Jadid Khabar

میونسپل کے کام سے ناراض عوام نے بی جے پی کو زیرو پر لا دیا: کیجریوال

Thumb

نئی دہلی، 03 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے میونسپل کی پانچ سیٹوں پر ہوئے ضمنی الیکشن میں پارٹی کی زبردست جیت پر کہا ہے کہ دہلی کے عوام نے پانچ میں سے چار سیٹیں دے کر بتا دیا ہے کہ وہ اے اے پی حکومت کے کام سے بہت خوش ہیں اور بی جے پی سے ناراض ہونے کے سبب وہ پارٹی کو زیرو پر لے آئیں ہیں۔ مسٹر کیجریوال نے آج میونسپل کی پانچ سیٹوں پر ہوئے ضمنی الیکشن میں زبردست جیت پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں کارکنان سے ملاقات کرکے انھیں کامیابی کی مبارکباد دی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے پانچ میں سے چار سیٹیں اے اے پی کو اور زیرو سیٹیں بی جے پی کو دی ہیں۔ اس کے لیے میں دہلی کے عوام کو بہت بہت مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ ساتھ ہی اے اے پی کے تمام کارکنان کو بھی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں ’جنھوں نے خوب محنت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج ثابت کرتے ہیں کہ ایک بار پھر سے دہلی کے عوام نے اے اے پی کے کام پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ہم اچھا کام کر رہے ہیں ’اس پر دہلی کے عوام نے مہر ثبت کی ہے۔ ضمنی الیکشن کے ریزلٹ سے جگ ظاہر ہے کہ دہلی کے عوام اے اے پی کے کام سے بے حد خوش ہیں۔ 

 

Ads