Jadid Khabar

ایک دن بہت بڑا شاعر بن کر دکھاؤں گا:کیفی اعظمی

Thumb


ممبئی، 13جنوری (یو این آئی) ہندی فلمی دنیا کے مشہور شاعر اور نغمہ نگار کیفی آعظمی میں شعر و شاعری کی صلاحیت بچپن سے ہی نظر آنے لگی تھی۔کیفی اعظمی کی ولادت 14 جنوری 1919 کو اتر پردیش کے اعظم گڑھ ضلع کے مجواں گاؤں میں ہوئی تھی ۔ان کا پورا نام اطہر حسین رضوی تھا۔ ان کے والد زمیندار تھے جو انہیں اعلی تعلیم دلانا چاہتے تھے اور اسی مقصد سے انہوں نے کیفی کا داخلہ لکھنٔو کے مشہور مدرسے ‘‘سلطان المدارس’’ میں کرادیا تھا۔ کیفی نے محض گیارہ برس کی عمر سے ہی شعر کہنا شروع کر دیئے تھے اور وہ اکثر مشاعروں میں شرکت کرنے لگے تھے ۔لیکن بیشتر لوگ جن میں ان کے والد بھی شامل تھے یہ سوچا کرتے تھے کہ کیفی اعظمی مشاعروں میں اپنی نہیں بلکہ اپنے بڑے بھائی کی غزلیں پڑھتے ہیں۔ایک مرتبہ بیٹے کا امتحان لینے کے لئے ان کے والد نے انہیں ایک مصرعہ طرح دیا اور اس پر غزل لکھنے کو کہا۔ کیفی نے اسے چیلنج کے طور پر قبول کیا اور پوری غزل لکھ ڈالی۔ ان کی یہ غزل کافی مقبول ہوئی جسے بعد میں مشہور گلوکارہ بیگم اختر نے اپنی آواز دی۔ غزل کا مطلع یوں ہے :۔
اتنا تو زندگی میں کسی کی خلل پڑے
ہنسنے سے ہو سکون نہ رونے سے کل پڑے
اس دوران مشاعروں میں کیفی اعظمی کی شرکت جاری رہی۔ چنانچہ سال 1947 میں ایک مشاعرے میں شرکت کے لیے وہ حیدرآباد پہنچے جہاں ان کی ملاقات شوکت سے ہوئی اور ان کی یہ ملاقات رشتہ ازدواج میں بدل ہو گئی۔آزادی کے بعد ان کے والد اور بھائی پاکستان چلے گئے لیکن کیفی اعظمی نے ہندوستان میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا۔
شادی کے بعد اخراجات بڑھنے کے سبب کیفی اعظمی نے ایک اردو اخبار کے لیے لکھنا شروع کر دیا جہاں انہیں 150 روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔ ان کی پہلی نظم ‘‘سرفراز’’لکھنؤ میں شائع ہوئی۔ انہوں نے روزنامہ اخبار کے لئے مزاحیہ اور طنزیہ شاعری شروع کی۔ اس کے بعد اپنے گھر کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر کیفی اعظمی نے فلموں کے لئے نغمے لکھنے کا فیصلہ کیا۔
کیفی اعظمی نے سب سے پہلے شاہد لطیف کی فلم ‘‘بزدل’’کے لئے دو نغمے لکھے جس کے عوض انہیں 1000 روپے ملے ۔اس کے بعد انہوں نے 1959 میں آئی فلم کاغذ کے پھول کے لئے ‘‘وقت نے کیا کیا حسیں ستم، تم رہے نہ تم، ہم رہے نہ ہم’’جیسا سدا بہار نغمہ تحریر کیا۔ اس کے بعد 1965 میں فلم ‘‘حقیقت’’ کے نغموں بالخصوص ‘‘کر چلے ہم فدا جان و تن ساتھیو اب تمہارے حوالے وطن ساتھیو’’ کی کامیابی کے ساتھ وہ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ گئے ۔
 کیفی اعظمی نے فلم ‘‘گرم ہوا ’’کی کہانی ڈائیلاگ اور اسکرین پلے لکھے جس کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔فلم ‘‘ہیررانجھا’’ کے منظوم مکالموں کے ساتھ ساتھ انہوں نے شیام بینیگل کی فلم ‘‘منتھن’’ کی اسکرپٹ بھی لکھی۔
تقریباً 75 برس کی عمر کے بعد کیفی اعظمی نے اپنے گاؤں مجوا ں میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا۔ اپنے خوبصورت نغموں سے سامعین کو مسحور کرنے والے عظیم شاعر اور نغمہ نگار کیفی اعظمی 10 مئی 2002 کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے ۔

 

Ads