Jadid Khabar

پھول پور سیٹ کے لئے بی جے پی اور کانگریس نے پرچہ نامزدگی داخل کئے

Thumb

الہ آباد، 20 فروری (یواین آئی) اترپردیش کی مشہور پھول پور لوک سبھا سیٹ پر تیسری بار ہو رہے ضمنی انتخابات کے لئے آج بی جے پی اور کانگریس پارٹی کے امیدواروں نے لاؤ لشکر کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔بی جے پی سے کوشلیندر سنگھ پٹیل اور کانگریس کے منیش مشرا نے پرچہ نامزدگی داخل کئے جبکہ سماج وادی پارٹی کے ناگیندر پرتاپ سنگھ پٹیل نے کل ہی پرچہ نامزدگی داخل کردیا تھا۔ بی جے پی اور سماج وادی دونوں پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کے ذریعہ پٹیل ووٹروں کو راغب کرنے کو شش کی ہے ۔پرچہ نامزدگی کے لئے پہنچے کوشلیندر سنگھ پٹیل کے قافلہ میں اترپردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریا، وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ، وزیر گوپال گپتا 'نندی'، میئر ابھیلاشا گپتا 'نندی' کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے ۔ جبکہ کانگریس کے منیش مشرا کے قافلہ میں آل انڈیا ورکنگ کانگریس کمیٹی کے رکن شیکھر بہو گنا، سینئر لیڈر پرمود تیواری، سابق ایم ایل اے انوگرہ نارائن سنگھ سمیت کئی دیگر رہنما اور کارکنان شامل تھے ۔بی جے پی نے پھول پور لوک سبھا ضمنی انتخابات میں کوشلیندر سنگھ پٹیل اور سماج وادی پارٹی نے ناگیندر پرتاپ سنگھ پٹیل کو میدان میں اتار کر مقابلہ کو دلچسپ بنا دیا ہے ۔ ' پٹیل بنام پٹیل' سے یہ ضمنی انتخاب دلچسپ ہوگیا ہے ۔کل پرچہ نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور 23 فروری تک نام واپس لئے جا سکتے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان 14 مارچ کو ہوگا۔