Jadid Khabar

سپریم کورٹ سے سپرٹیک کو جھٹکا، 10 کروڑ روپے جمع کرنے کا حکم

Thumb

نئی دہلی، 20 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے منگل کے روز ریئل اسٹیٹ کمپنی سپرٹیک کو سخت جھٹکا دیتے ہوئے 10 کروڑ روپے جمع کرنے کا حکم دیا، جس سے اس کے متنازعہ ایمیرالڈ کورٹ پروجیکٹ میں گھر خریدنے والوں کو رقم واپس کی جائے گی۔ خیال رہے کہ نوئیڈا میں تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر الہ آباد ہائی کورٹ نے سپرٹیک کے ایمرالڈ کورٹ لگزری پروجیکٹ کو غیر قانونی قرار دیا تھا، جس کے بعد اس پروجیکٹ میں گھر خریدنے والے متعدد افراد نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا، جس پر عدالت عظمی نے آج یہ حکم دیا۔ دس کروڑ روپے سے تقریبا 100 سرمایہ کاروں کو ادائیگی کی جائے گی۔ عدالت کی بنچ نے ہدایت دی ہے کہ رفیق عدالت اور سپریم کورٹ رجسٹری کی نگرانی میں سرمایہ کاروں کو رقوم کی واپسی کی کارروائی انجام دی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اصل سرمایہ کی رقم پر 12 فیصد منافعہ کے ساتھ ادائیگی کی جائے گی۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی زیر صدارت اور جسٹس اے ایم کھانویلکر اور ڈي وائی چندر چوڑ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں بقیہ گھر خریداروں کی عرضیوں پر اپریل میں سماعت کی جائے گی۔