Jadid Khabar

کشمیر 30 برس بعد’ٹائی کنونشن‘کی میزبانی کرے گا

Thumb

سری نگر، 14 فروری (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہندوستان کے ٹریول ایجنٹس کی سب سے بڑی، پرانی اور منظم آرگنائزیشن 'ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف انڈیا (ٹائی)'اپنی 64 ویں کنونشن ریاست کے دارالحکومت سری نگر میں منعقد کرنے جارہی ہے ۔ 27 مارچ سے تین روز تک جاری رہنے والی اس کنونشن میں ملک بھر سے 500 ٹریول ایجنٹس کی شرکت متوقع ہے ۔محکمہ سیاحت کے ذرائع نے بتایا کہ ٹریول ایجنٹس کی کنونشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا 'کنونشن کے کامیاب انعقاد کے لئے محکمہ سیاحت کے عہدیداروں بالخصوص ناظم سیاحت کشمیر نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر سنیل کمار اور دیگر اراکین کے ساتھ متعدد میٹنگیں کیں۔ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں ٹائی کنونشن کے انعقاد سے سیاحت کو غیرمعمولی فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا 'سیاحوں کو مختلف سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنے میں ٹریول ایجنٹس کا کلیدی کردار ہوتا ہے ۔ اس کنونشن کی بدولت ٹریول ایجنٹس کو کشمیر کی حقیقی صورتحال کا ادراک ہوگا'۔ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے یو این آئی کو بتایا کہ اس کنونشن کا انعقاد 30 برس بعد ریاست میں ہورہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے اپنی 64 ویں کنونشن چین میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اس کے اراکین نے اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے یہ کنونشن سری نگر میں منعقد کرنے کا فیصلہ لیا۔مسٹر شاہ نے بتایایہ ایک بڑی بات ہے کہ ہمیں یہاں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف انڈیا کی کنونشن کی میزبانی کا موقع ملا ۔ یہ ٹریول ایجنٹس کی ایک بڑی اور پرانی آرگنائزیشن ہے '۔انہوں نے بتایا کہ 1990 میں پیدا ہونے والے نامساعد حالات کے بعد یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب جموں وکشمیر ٹائی کنونشن کی میزبانی کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا 'ملی ٹنسی سے قبل اس ایسوسی ایشن نے اپنی سات کنونشنوں کا انعقاد یہاں کیا تھا۔ یہ ایسو سی ایشن پورے دنیا میں کنونشنوں کا انعقاد کرتی ہے ۔ اس نے حالیہ برسوں میں منعقد کی جانے والی کنونشنوں کا انعقاد بیرونی ممالک میں کیا ہے '۔ناظم سیاحت کشمیر نے بتایا کہ وہ چین میں اپنی اگلی کنونشن کرنا چاہتے تھے ، لیکن انہوں نے اپنا ارادہ بدلتے ہوئے اس کا انعقاد کشمیر میں کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا تیس سال کے بعد اس کنونشن کا انعقاد کشمیر میں ہورہا ہے ۔ یہ تین روزہ ایونٹ ہوگا۔ ان میں بیشتر ڈیلی گیٹس وہ ہوں گے ، جو پہلی بار کشمیر آرہے ہیں'۔دریں اثنا ناظم سیاحت کشمیر نے گذشتہ رات کنونشن کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے 500 ٹریول ایجنٹس نے کنونشن میں اپنی شرکت کی تصدیق کردی ہے ۔ اس سلسلے میں منعقدہ میٹنگ میں ٹائی چیئرمین (جے کے چیپٹر) ظہور قاری ، ایسو سی ایشن کے عہدیداران اور ریاستی ممبران نے شرکت کی۔ناظم سیاحت کشمیر نے میٹنگ میں کہا کہ سری نگر میں کنونشن کے انعقاد سے پوری دنیا میں کشمیر سے متعلق ایک مثبت سگنل جائے گا۔ سنہ 2007 میں ٹائی کنونشن کا انعقاد برطانیہ، سنہ 2009 میں دوبئی، سنہ 2012 میں استنبول (ترکی)، سنہ 2013 میں بنگلور، سنہ 2015 میں انڈونیشیا اور سنہ 2016 میں دوبئی میں ہوا ہے ۔

Ads