Jadid Khabar

سنگھ کے سربراہ کا بیان ہندوستان کی توہین:راہل

Thumb

نئی دہلی، 12 فروری (یواین آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھاگوت کے تین دن میں فوج تیار کرنے والے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہیدوں کی توہین بتایا ہے ۔مسٹر گاندھی نے آج اپنے ٹوئٹر پرمسٹر بھاگوت کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے لکھا''سنگھ کے سربراہ کا یہ بیان ہر ہندوستانی کی توہین ہے ، چونکہ اس سے ملک کے لئے جان نچھاور کرنے فوجیوں کی توہین ہوئی ہے اور یہ ملک کے پرچم کی بھی توہین ہے ۔ اس بیان سے ترنگے کو سیلیوٹ کرنے والے فوجیوں کی توہین ہوئی ہے ۔ بھاگوت کو فوج اور شہیدوں کی توہین کرنے کے لئے شرم آنی چاہئے ۔ ''۔ سنگھ کے سربراہ نے کل ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملک کے لئے سنگھ کے پاس تین دن کے اندر 'فوج ' تیار کرنے کی صلاحیت ہے ۔ ادھر سنگھ کی جانب سے مسٹر بھاگوت کے بہار کے مظفر پور میں دیئے گئے بیان پر صفائی دی گئی ہے ۔سنگھ نے جاری بیان میں کہا ہے "موہن بھاگوت ہندوستانی فوج کا مقابلہ سنگھ سے نہیں کر رہے تھے ۔ حقیقت میں ان کا کہنا تھا کہ فوج اپنے جوانوں کو تیار کرنے میں چھ ماہ کا وقت لیتی ہے اگر سنگھ تربیت دے تو فوجی تین دن میں رضاکار بھی بن سکتے ہے ۔''

راہل کی 'جن آشرواد ' یاترا میں امڈا ہزاروں لوگوں کا سیلاب

رائے چور، کرناٹک، 12 فروری (یو این آئی) آل انڈیا نیشنل کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اپنی انتخابی مہم ' جن آشرواد' یاترا کے تیسرے دن دوشنبہ کی شروعات حیدرآباد ۔ کرناٹک علاقہ کی مشہور شمس آباد درگاہ پر حاضری دے کر کی۔راہل گاندھی نے ان دلت تنظیموں کے ساتھ بھی اتوار کو تبادلہ خیال کیا جنہوں نے گنگاوتی میں کالے جھنڈے دکھا کر داخلی ریزرویشن کے تعلق سے سدشیوا کمیشن کی رپورٹ کو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔راہل گاندھی نے سرگرم دلت کارکنوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبہ پر جلد ہی غور کیا جائے گا نیز انہوں نے وزیر اعلی سدرا میا سے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی قیادت کو رپورٹ بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملہ کو خود دیکھیں گے ۔راہل گاندھی نے درگاہ پر چادر چڑھائی اور دعا مانگی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کچھ مذہبی رہنماوں سے درگاہ پر ملاقات بھی کی۔اپنی مختصر مگر تیز وتند تقریر میں وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ' انہیں ماضی کے بارے میں تقریریں اب بند کردینی چایئے اور کام کا آغاز کرنا چاہیئے کیونکہ اب ان کے عہدے کی میعاد ختم ہونے میں زیادہ وقت نہیں بچا ہے '۔راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولرزم میں یقین رکھتی ہے اور کرناٹک میں سدرامیا حکومت نے نہ صرف اقلیتوں کے لئے بہت کچھ کیا ہے بلکہ غریب کسانوں اور عام آدمی کے لئے بھی بہت کام کئے ہیں۔ چاہے اندرا کینٹین ہو یا کسانوں کے قرض معافی کی بات ہو، کانگریس کی مرکزی حکومت نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت سے بہت زیادہ کام کیا ہے ۔میٹنگ کے بعد راہل گاندھی نے یرمرا علاقہ کے گنجہ سے کل مل اور گوبور گاوں ہوتے ہوئے روڈ شو اور اسٹریٹ میٹنگ بھی کی۔

Ads