نئی دہلی، 12 فروری(یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت کے بیانات پر سیاسی ہنگامہ آرائی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے ۔آر ایس ایس کے ترجمان ڈاکٹر من موہن وید نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ''موہن جی کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اتنا ہی کہا ہے کہ اگر ملک کے سامنے حالات پیدا ہوتے ہیں تو فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے شہریوں میں اگر فوج تیار کرنی ہے تو چھ ماہ کا وقت لگے گا لیکن سویم سیوک چونکہ مسلسل پریڈ کرتے ہیں اس لئے ان میں ڈسپلن ہوتا ہے اوروہ تین دن میں اس کے لئے تیار ہوسکتے ہیں۔''انہوں نے کہا کہ سرسنگھ چالک نے سویم سیوکو ں کا موازنہ فوج سے نہیں بلکہ عام شہریوں سے کیا تھا۔ مظفر پور میں دئے گئے ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے ۔