Jadid Khabar

مصری فوج کی مہم میں 16 دہشت گرد ہلاک

Thumb

قاہرہ ،12 فروری (رائٹر) مصر کے شمالی سینائی علاقے میں فوج نے شدت پسندوں کے خلاف زوردار کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 16 دہشت گردوں کو مار گرایا جبکہ 34 دیگر کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔فوج نے کل بتایا کہ اس مہم کا آغاز جمعہ سے کیا گیا تھا۔ شمالی سینا ئی کے علاقے میں چلائی گئی اس مہم کے تحت مختلف ٹھکانوں پر فوج نے زوردار کارروائی کی ہے جس میں 16 دہشت گرد ہلاک اور 34 دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ فضائی حملوں کے ذریعے دہشت گردوں کے 66 ٹھکانوں، ہتھیاروں کے ذخائر، کئی ایس یو وی اور موٹرسایکل بھی تباہ کر دیئے گئے ۔ چھاپہ ماری کے دوران انڈر گراؤنڈ ہونے کے لئے دہشت گرد ان ٹھکانوں کا استعمال کرتے تھے ۔مصر کی ایک مسجد میں گذشتہ نومبر میں ہوئے شدید خود کش حملے میں 300 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جو عرب دنیا میں سب سے زیادہ خوفناک حملہ تھا۔ اس حملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے صدر عبدالفتاح السیسی نے 29 نومبر کو فوج کو تین ماہ میں دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا حکم دیاتھا۔فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پہلے اس مہم کو سینائی کے علاقے میں ہی شروع کیا گیا تھا لیکن بعد میں دریائے نیل کے ڈیلٹا اور مغربی صحرا کے کچھ حصوں کو شامل کیا گیا ہے ۔

Ads