Jadid Khabar

ہند۔پاک افوج کے درمیان کشیدگی جاری

Thumb

جموں، 15 جنوری (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے افواج کے درمیان سرحدی کشیدگی تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق منگل کے روز پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرکے حدمتارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر بلا اشتعال گولہ باری کی۔دریں اثنا ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں منگل کی صبح پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف سے وابستہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کی صبح ایل او سی کے سندر بنی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں پاکستانی فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے بھی پاکستانی فائرنگ کا معقول جواب دیا۔تاہم طرفین کے درمیان گولہ بار ی کے تبادلے میں کسی بھی طرف جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ادھر کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں بی ایس ایف سے وابستہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ۔فوجی ترجمان کے مطابق کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر منگل صبح پاکستانی فوج کی طرف سے مختصرفائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف سے وابستہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زخمی بی ایس ایف اہلکار کو ہیرانگر اسپتال سے خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا '19 بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ کانسٹیبل ونے کمار جس کی پیٹ میں گولی لگی ہے ، کو یہاں علاج ومعالجہ کے لئے لایا گیا۔ اس کی حالت انتہائی نازک تھی۔ ہم نے اسے ابتدائی مرہم پٹی کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا'۔

Ads