Jadid Khabar

پی ٹی آئی جھگڑے کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی: قریشی

Thumb

ملتان، 12 جنوری(یو این آئی) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاست میں جھگڑے کی پالیسی میں یقین نہیں رکھتی اور حکومت کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ کسی کو بھی جیل بھیج دے ۔مسٹر قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت محض عدالتوں کے فیصلوں پر کاروائی کرتی ہے ۔ڈان کے مطابق جمعہ کو یہاں گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا،‘ پی ٹی آئی کی حکومت میں پی پی پی اور پی ایم ایل (این) کی قیادت کے خلاف ایک بھی معاملے میں کاروائی شروع نہیں کی گئی ہے ۔ ملک میں قانون کی بالادستی ہے اور اس میں ہر کوئی برابر ہے ’۔انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو جب بھی وزیر اعظم عمران خان کوسمن بھیجے گا،وہ اس کے سامنے حاضر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر بے بنیاد تشہیر کرکے جنوبی پنجاب میں مشکلات پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ہماری اولیں ترجیح ان ممالک سے تعلقات بہتر بنانے میں ہے جن کے ساتھ سابقہ حکومت میں تعلقات میں کشیدگی در آئی تھی۔ انہوں نے کہا ،‘ پی ٹی آئی حکومت کی بہتر خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارے رشتے بہتر ہوئے ہیں۔ ریاض نے اسلام آبا د کو مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ملیشیا کے وزیر اعظم مہاثر محمد 23 مارچ کو سرمایہ کاروں کی وفد کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں’۔مسٹر قریشی نے وزیر اعظم کے 22 جنوری کو قطر جانے کے بارے میں بتایا کہ دوحہ نے پاکستان کے ایک لاکھ افرادکو روزگار دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت خارجہ معاشی حکمت عملی کے ساتھ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔

Ads