Jadid Khabar

بلند شہرگئو کشی میں ملوث لوگوں کیخلاف سخت کارروائی :یوگی

Thumb

لکھنؤ، 5 دسمبر (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بلند شہر اور لکھنؤ میں ہونے والے واقعات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔سرکاری ترجمان نے بدھ کو یہاں بتایا کہ وزیر اعلی نے منگل دیر رات گورکھپور سے واپسی کے بعد اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران کے ساتھ قانون و انتظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بلند شہر کے واقعہ کو گہری سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے حکام کوملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی۔میٹنگ میں مسٹر یوگی نے خاص طور پر بلند شہر اور لکھنؤ کے واقعہ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذمہ دار لوگوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تشدد پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ، بلند شہر واقعہ کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جائے اور گوکشي میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے گئوکشی سے براہ راست اور بالواسطہ تعلق رکھنے والے لوگوں کو مہم چلا کر گرفتار کرنے کی بھی حکام کو ہدایت دی۔وزیراعلی نے کہا کہ یہ واقعہ بلند شہر میں کیوں پیش آیا، وہاں ایک بڑی تقریب چل رہی تھی۔ پولیس افسران کو پھٹکار لگاتے ہوئے مسٹر یوگی نے کہا کہ وہاں کب سے گئوکشی کی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب 19 مارچ 2017 سے غیر قانونی مذبح بند کر دیے گئے ہیں تو یہ غیر قانونی کام کس طرح چل رہا تھا۔انہوں نے بلند شہر کے واقعہ کے پیش نظر ریاست کے سبھی ضلع افسران اور ضلع پولیس سربراہان کو ہدایت دی کہ جن اضلاع میں اس طرح کے غیر قانونی کام ہوں گے ، وہاں کے افسر ذاتی طور پر خود ذمہ دار ہوں گے ۔وزیر اعلی نے میٹنگ میں بلند شہر تشدد میں مارے گئے سمیت چودھری اور لکھنؤ کے مھانگر علاقے میں مارے گئے بی جے پی کارکن پرتیوش منی ترپاٹھی کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا بھی اعلان کیا۔ترجمان کے مطابق قریب آدھی رات تک جاری اس میٹنگ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر انوپ چندر پانڈے ، محکمہ داخلہ کے چیف سکریٹری اروند کمار، پولیس ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی، ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (قانون و انتظام) آنند کمار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔واضح رہے کہ بلند شہر کے سیانا میں گزشتہ تین دسمبر کو گوکشي کے معاملے پر گاؤں والوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے بعد پتھراؤ اور آتش زنی کے درمیان فائرنگ میں سیانا کوتوالی کے انچارج سبودھ کمار سنگھ اور سمیت نامی نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ ایس آئی ٹی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ بلند شہر واقعہ کے سلسلے میں تین معاملے درج کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ تین دسمبر کی شب لکھنؤ کے مہا نگر علاقے میں بی جے پی کارکن پرتیوش منی ترپاٹھی کو نامعلوم افراد نے چاقو گھونپ کر قتل کر دیا تھا۔ بلند شہر واقعہ میں پولیس اب تک چار افراد کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ لکھنؤ واقعہ میں دو ملزمین گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

Ads