Jadid Khabar

فرانس میں پر تشدد مظاہرے ،ایمرجنسی کے نفاذ کا امکان

Thumb

پیرس،3دسمبر(یو این آئی)فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے ہفتہ کو پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا، ان کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کی جاسکتی ہے ۔فرانسیسی صدرنے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ کو مظاہرین سے مذاکرات کی ذمے داری سونپ دی۔امونئل میکرون نے پیرس کی مشہور زمانہ شانزے لیزے ایونیو اور تاریخی یادگار کا دورہ کرکے جلائی گئی گاڑیوں اور عمارتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں مظاہرین سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا، مذاکرات کی ذمہ داری وزیر اعظم کو سونپی گئی ہے ۔مظاہروں نے فرانس کی کاروباری برادری میں بھی شدید تشویش پیدا کر دی ہے جس کا کہنا ہے کہ مظاہروں سے اربوں یورو کا نقصان ہوچکا ہے ۔بزنس کمیونٹی آج وزارت اقتصادی امور میں ہونے والے اجلاس میں نقصانات کی تفصیل سے آگاہ کرے گی۔ہفتہ کو فرانس میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں 23سیکیورٹی اہل کاروں سمیت 263افراد زخمی ہوئے ۔ان مظاہروں کے دوران درجنوں گاڑیوں اور عمارتوں میں آگ لگائی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی، پولیس نے 370 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا ہے ۔

Ads