Jadid Khabar

دہلی میں آتش بازی کیخلاف 122شکایات درج،31گرفتار

Thumb

نئی دہلی، 08 نومبر(ایجنسی)دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔فضا میں ہر سو دھوئیں کی چادریں تنی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ دیوالی پر بے تحاشہ آتشبازی کے باعث فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس سے سانس کے مریضوں اور عام انسانوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔یہ حالت اسوقت ہے جب سپریم کورٹ نے دیپاولی کے موقع پر آلودگی پھیلانے والے پٹاخوں اور آتش بازی کے سامان کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کررکھی ہے۔سپریم کورٹ نے آتش بازی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پٹاخے جلانے کیلئے رات 8بج سے 10بجے کا وقت مقرر کررکھا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی تھی کہ پٹاخوں پر عائد پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے۔ خلاف ورزی پر متعلقہ علاقے کے ایس ایچ اوکو ذمہ دارقراردیا جائیگالیکن تمام احکامات اور ہدایت کے باجوداہالیان دہلی نے جم کر آتش بازی کی۔دہلی پولیس کے مطابق جنوب مشرقی دہلی میں آتش بازی کی57خلاف ورزیاں درج کی گئیں اور 140کلو آتش بازی کی اشیاء اور پٹاخے ضبط کئے گئے۔ دواریکا علاقے میں 42شکایات درج کی گئیںاور200کلو گرام پٹاخے برآمد کئے گئے۔جنوبی دہلی میں 23ایف آئی آر دج کرکے 17 افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔ان کے قبضے سے 278کلو گرام پٹاخہ ضبط کیا گیا۔ شمالی دہلی سے14افراد گرفتار کئے گئے۔پولیس کے سینیئر افسر نے بتایا کہ چند مقامات پر لوگوں نے مقررہ وقت کے بعد بھی آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور پٹاخے چھوڑے۔ ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔

Ads