Jadid Khabar

اسمتا پاٹل :بہترین ادکاری سے فلموں میں بھی اپنی خاص شناخت بنائی

Thumb

(17 اکتوبر یوم پیدائش کے موقع پر)
ممبئی، 16 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمتا پاٹل نے اپنی بہترین ادکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں ناظرین کے بیچ اپنی خاص جگہ بنائی۔17 اکتوبر 1955کو پونے شہر میں پیدا ہونے والی اسمتا پاٹل نے اپنی تعلیم مہاراشٹر سے مکمل کی۔ ان کے والد شیواجی راؤ پاٹل مہاراشٹر حکومت میں وزیرتھے جبکہ ان کی والدہ سماجی کارکن تھیں۔ کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ مراٹھی ٹیلی ویژن میں بطور نیوز ریڈر کام کرنے لگی تھیں۔ اس دوران ان کی ملاقات معروف ڈائرکٹر اور ہدایت کار شیام بینگیل سے ہوئی۔شیام بینگل ان دنوں اپنی فلم ' چرن داس چور' بنانے کی تیاری کررہے تھے ۔ شیام بینگل کو اسمتا پاٹل میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ نظر آئی اور انہوں نے اپنی فلم 'چرن داس چور' میں اسمتا کو ایک چھوٹا سا کردار دے دیا۔فلم بھومیکا سے اسمتا پاٹل کا جو سفر شروع ہوا وہ چکر، نشانت ، آکروش ، گدھ، البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے اور مرچ مصالحہ جیسی فلموں تک جاری رہا۔ انہوں نے نصیرالدین شاہ، شبانہ اعظمی ، امول پالیکر اور امریش پوری جیسے مشہور اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔سال 1980 میں ریلیز فلم 'چکر میں اسمتا پاٹل نے جھونپڑی میں رہنے والی خاتون کا کردار ادا کیا جس کے لئے انہیں دوسری مرتبہ قومی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔اسی کی دہائی میں اسمتا پاٹل نے کمرشیئل فلموں کی طرف اپنا رخ کیا اور اس دوران انہوں نے سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ 'نمک حلال' اور 'شکتی ' جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا جس کے بعد اسمتا پاٹل نے کمرشیل فلموں میں بھی کامیابی حاصل کی ۔سال 1985 میں ہندوستانی سنیما میں انہیں شاندار اداکاری کی وجہ سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ اسمتا نے مراٹھی، گجراتی،تیلگو، بنگلہ، کنڑ اور ملیالم فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اس کے علاوہ اسمتا کو عظیم فلمکار ستیہ جیت رے کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ منشی پریم چندر کی کہانی پر مبنی ٹیلی فلم 'سدگتی ' کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے ۔اپنی بہترین ادکاری سے دودہائی تک ناظرین کے دلوں میں چھانے والی ادکارہ اسمتا پاٹل نے محض 31 سال کی عمر میں 13 دسمبر 1986 کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کی موت کے بعد 1988 میں ان کی فلم وارث ریلیز ہوئی جو اسمتا پاٹل کے فلمی کیریئر کی اہم فلموں میں سے ایک تھی۔

Ads