Jadid Khabar

'می ٹو مہم ':ناناپاٹیکر سمیت چار کے خلاف شکایت درج، گھر پرخواتین کانگریس کا احتجاج

Thumb

ممبئی،11اکتوبر(یواین آئی)ممبئی پولیس نے اداکارہ تنوشری دتا کی شکایت کے بعد سخت کارروائی کرتے ہوئے معروف اداکار ناناپاٹیکر سمیت چار افراد کے خلاف شکایت درج کرلی ہے اور گزشتہ شب اوشیورہ پولیس نے شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا۔آج صبح نانا پاٹیکر کے گھر کے سامنے ممبئی کانگریس خواتین شاخ نے مظاہرہ کیا ۔واضح رہے کہ ممبئی میں 2008میں 'ہارن اوکے پلیز'نامی فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں اداکار کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا تھا۔کیونکہ تنوشری دتا نے الزام عائد کیا تھا کہ نانا پاٹیکر نے شوٹنگ کے دوران جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی تھی ،حال میں بالی ووڈ میں ''می ٹومہم'' کے دوران ایک بار پھر تنو شری دتا نے اس الزام کا دوہرایا ہے ،اس کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے یہ معاملہ وائرل ہوگیا ۔گزشتہ شام تنوشری نے ناناپاٹیکر اور دیگر تین افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے ۔پولیس نے تقریباً پانچ گھنٹے تک اداکارہ کا بیان درج کیا اور تعزیرات ہند کی دفعہ 354(چھیڑچھاڑ)،اور دفعہ503(خواتین سے نازیبا حرکت کرنا)،کے تحت نانا پاٹیکر ،کوریوگرافرگنیش اچاریہ ،فلمسازشامی صدیقی اور ہدایت کارراکیش سارنگ کیخلاف کیس درج کرلیا ہے ،فی الحال اس معاملہ میں پولیس کی جانب سے کسی طرح کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔تنوشری دتا کے وکیل نے کہا کہ اگر پولیس نے اس سلسلہ میں تسلی بخش جواب نہیں دیا تو عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے ،ان کی شکایت کے بعد نانا اور دیگر تین افراد کیخلاف معاملہ درج کیا ہے ، اس درمیان مہاراشٹر کمیشن برائے خواتین نے بھی نانا پاٹیکر ،کوریوگرافرگنیش اچاریہ ،فلمسازشامی صدیقی اور ہدایت کارراکیش سارنگ کیخلاف اس سنگین الزام کے تعلق سے نوٹس دے کرجواب طلب کیا ہے ۔ 

Ads