Jadid Khabar

وزیراعظم نے بوہرا کمیونٹی کی قربانیوں کی ستائش کی

Thumb

اندور، 14 ستمبر(ایجنسی)وزیراعظم نریندرمودی نے تجارت اور کاروبار میں بوہرابرادری کی ایمانداری کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ’وسودھوے کٹم بکم ‘ کا تصور دنیا ایک کنبہ ہے اور ہندوستان کو تمام دیگرممالک سے ایک مختلف شناخت حاصل ہے۔اندور میں سیفی مسجد میںبوہرہ کمیونٹی کی جانب سے منعقد ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہاکہ آپ سبھی کے درمیان آنے سے ہمیشہ مجھے ترغیب ملتی ہے ۔ عشرہ مبارک کے موقع پر آپ نے مجھے بلایا اس لئے میں شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ بوہرا سماج نے ہمیشہ سے امن کا پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ امن کا پیغام دینے کی یہ طاقت ہمیں دنیا سے الگ کردیتی ہے۔ بوہرا سماج دنیا کو ہمیشہ ہمارے ملک کی طاقت بتارہا ہے۔ بوہرا برادری کے مذہبی رہنما سیدنا مفضل سیف الدین نے کہاکہ آج امام حسین کے شہادت کی یاد میں وزیراعظم کا ہمارے غم میں شریک ہونا بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ وزیراعظم نریندرمودی کو اس وطن کو آگے لے جانے کی قوت دے۔ بوہرا برادری کے مذہبی رہنما نے مزید کہاکہ وطن سے محبت ، وطن سے وفاداری، قانون میں شراکت داری ہی ہندوستان کے مسلمانوں کا ایمان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکرسمترامہاجن، مدھیہ پردیش کے گورنرآنندی بین پٹیل اور وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی موجودتھے۔ 

Ads