Jadid Khabar

ہری ونش راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین منتخب

Thumb

نئی دہلی، 9 اگست (یواین آئی) قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے امیدوار ہری ونش کو آج راجیہ سبھا کا ڈپٹی چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ ان کے حق میں 125 ووٹ پڑے جبکہ مخالفت میں 105 ارکان نے ووٹ دیا۔ مسٹر ہری ونش کے خلاف اپوزیشن نے کانگریس کے بی کے ہری پرساد کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ اپوزیشن کے کچھ رکن ووٹنگ کے دوران ایوان میں موجود نہیں تھے ۔راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے ضروری کاغذات میزپر رکھوانے کے فوراً بعد ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کی کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے لئے نو نوٹس ملے اور متعلقہ ارکان سے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں تجویز پیش کرنے کو کہا۔ مسٹر ہری ونش کے حق میں چار اور مسٹر ہری پرساد کے حق میں پانچ تجویز پیش کئے گئے ۔سب سے پہلے جنتا دل یو کے رام چندر پرساد سنگھ نے مسٹر ہری ونش کے حق میں تجویز پیش کی اور ریپبلکن پارٹی (A) کے رکن اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے اس کی حمایت کی۔اس کے بعد بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا نے مسٹر ہری پرساد کے نام کی تجویز پیش کی اور کانگریس کے وویک تنکھا نے حمایت کی۔راشٹریہ جنتا دل کی میسا بھارتی نے مسٹر ہری پرساد کے حق میں تجویز پیش کی جس کی تیلگو دیشم پارٹی کے وائی ایس چودھری نے حمایت کی۔ اس کے علاوہ کانگریس کے آنند شرما ، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی وندنا راج چوہان نے بھی مسٹر ہری پرساد کی حمایت میں تجویز پیش کی جن کی حمایت بالترتیب کانگریس کے بھونیشور کلتا، کانگریس کے احمد اشفاق کریم اور کانگریس کے ہی جی کپیندر ریڈی نے کیا۔ مسٹر ہری ونش کے حق میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امت شاہ، شیوسینا کے سنجے راوت اور شرومنی اکالی دل کے سکھدیو سنگھ ڈھینڈسہ نے بھی قرارداد پیش کئے جس کی حمایت بالترتیب بی جے پی کے رام وچارنیتم، جنتا دل متحدہ کی کہکشاں پروین اور اور اے آئی اے ڈی اے یم کے کی وجیلا ستیانت نے کیا۔اس کے بعد چیئرمین نے مسٹر ہری ونش اور مسٹر رام چندر پرساد سنگھ کے حق میں پڑنے ووٹوں کی گنتی کرائی ۔ مسٹر نائیڈو نے اعلان کیا کہ ووٹنگ میں تجاویز کے حق میں 125 ووٹ پڑے ہیں جبکہ مخالفت میں 105 ارکان نے ووٹ دیا ہے ،پھر انھوں نے مسٹر ہری ونش کو منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ جس کا دونوں جانب کے ارکان نے میزیں تھپتھپاکر خیر مقدم کیا۔اس کے بعد مسٹر ہری ونش کو ایوان کے لیڈر ارون جیٹلی، پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار اور وزیر مملکت وجے گوئل اور ایوان میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد ڈپٹی چیئرمین کی نشست تک لے گئے ۔ اس کے فورا بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈپٹی چیئرمین کی نشست پر جاکر مسٹر ہری ونش سے ہاتھ ملایا اور انہیں منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

Ads