Jadid Khabar

جئے پور واقع پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، دھماکوں سے گونج اٹھا علاقہ، 5 اموات کا اندیشہ، کئی افراد زخمی

Thumb

 
راجستھان کی راجدھانی جئے پور واقع کھو ناگوریاں تھانہ حلقہ میں خوفناک حادثہ میں 5 لوگوں کی موت کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک رہائشی مکان کے اندر ناجائز طریقے سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی، اور اس کے بعد دھماکوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ آگ اور دھماکوں کی وجہ سے چاروں طرف افرا تفری پھیل گئی۔ اس حادثہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کم از کم 5 لوگ 90 فیصد سے زیادہ جھلس چکے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق مکان کے اندر بارود ہونے کے سبب آگ نے فوراً خوفناک شکل اختیار کر لی۔ کافی دیر تک سلسلہ وار دھماکے ہوتے رہے، جس نے لوگوں کو دہشت میں ڈال دیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچیں اور راحت رسانی کا کام شروع کر دیا۔ فیکٹری میں پھنسے ہوئے کچھ لوگوں کو باہر بھی نکالا گیا، جن میں زخمی افراد کو اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا۔
یہ حادثہ 9 جون کی صبح تقریباً 11 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ مہلوکین میں ایک بچہ بھی شامل بتایا جا رہا ہے، جبکہ بیشتر مہلوکین اور زخمیوں میں مزدور شامل ہیں۔ مہلوکین میں سے 3 کی شناخت رحیم، روبین اور عبدالواحد کے طور پر ہوئی۔ بقیہ کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔ عبدالواحد کا انتقال اسپتال میں علاج کے دوران ہوا۔ اس واقعہ سے متعلق رکن اسمبلی امین کاغذی نے سوال اٹھایا کہ ’’رہائشی علاقہ میں بارود کا گودام ہونے کی جانکاری کیا پولیس کو نہیں تھی؟ مقامی لوگ بھی شاید کسی کے دباؤ میں ہیں اس لیے بول نہیں رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ فیکٹری کس کی ہے، اس پر بھی کوئی جواب نہیں مل رہا ہے۔
اس درمیان فیکٹری کے قریب موجود گھر میں رہنے والے ایک شخص لیاقت نے کہا کہ سلنڈر پھٹنے جیسا دھماکہ ہوا تھا۔ اس وقت میں اور میری فیملی گھر کا تالا لگا کر تھوڑی دور رہنے والی اپنی بہن کے گھر چلے گئے تھے۔ فیکٹری کے اندر کتنے لوگ کام کرتے تھے، کیا کام ہوتا تھا، اس کی جانکاری نہیں ہے۔