ہردوئی میں ایس ڈی ایم پر جان لیوا حملہ تشویشناک: مایاوتی
لکھنؤ، 9 جون (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے ہردوئی ضلع میں سرکاری معائنہ کے دوران شاہ آباد کے ایس ڈی ایم سشیل مشرا پر ہوئے جان لیوا حملے کو بدقسمتی اور انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
محترمہ مایاوتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "یو پی کے دارالحکومت لکھنؤ کے پڑوسی ضلع ہردوئی میں شرپسندوں نے سرکاری معائنہ کر رہے ایس ڈی ایم مسٹر سشیل مشرا پر اینٹ اور پتھروں سے حملہ کیا، جس میں وہ زخمی ہوگئے اور علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرائے گئے۔ یہ واقعہ نہ صرف بدقسمتی ہے بلکہ ریاست میں امن وامان کی صورت حال پر سنگین سوال بھی کھڑا کرتا ہے۔ اس طرح کے واقعات کو روکنا ضروری ہے، تاکہ سرکاری کام میں مبینہ بدعنوانی کے ساتھ ساتھ ریاست کو شرپسند عناصر سے بچایا جاسکے۔"
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ وسیع تر عوامی مفاد میں اس معاملے پر مناسب توجہ دے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔