لکھنؤ، 20 فروری (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے امریکہ کے ساتھ ہوئی مبینہ ڈیل کے تعلق سے مرکزی حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے حوالے سے حکومت کی خاموشی کئی شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے، اس لیے صورتحال واضح کی جانی چاہیے۔
مسٹر یادو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا کہ "کیا ڈیل نے منہ پر مہر لگا دی ہے؟ یا تو حکومت بتائے کہ اس ڈیل میں کیا شرائط طے ہوئی ہیں یا پھر بیرونی مداخلت کے دعووں کو واضح طور پر مسترد کرے۔" انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت ملک کی خودمختاری اور معاشی مفادات سے جڑے معاملات پر شفافیت سے کام نہیں لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس ڈیل سے کسانوں، تاجروں، مزدوروں اور چھوٹی بڑی صنعتوں پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ اگر زراعت اور صنعت متاثر ہوگی تو روزگار کے مواقع کم ہوں گے اور نوجوانوں کا مستقبل غیر محفوظ ہو جائے گا۔"
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے اسے ملک کے وقار سے جڑا ہوا معاملہ قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے فوری وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ اس ڈیل سے ہندوستان کے معاشی مفادات اور خود کفیلی پر کیا اثر پڑے گا۔