Jadid Khabar

غیر مقیم ہندوستانیوں سے نئے ہندوستان کی ترقی میں شامل ہونے کی مودی کی اپیل

Thumb

نئی دہلی، 9 جنوری (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان نژاد تارکین وطن کو ملک کا سفیر بتاتے ہوئے ان سے نئے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں معاون بننے کا اعلان کیا۔مسٹر مودی نے آج یہاں یوم غیر مقیم پر پہلی غیر مقیم پارلیمنٹ کانفرنس میں اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ دنیا کا ہندوستان کے تئیں نظریہ تبدیل ہو رہا ہے اور یہ تبدیلی سماجی، اقتصادی اور نظریاتی تینوں سطح پر آ رہی ہے ۔ ملک کے نظام میں تبدیلی ہو رہی ہے جنہیں دیکھتے ہوئے دنیا کا ہندوستان کے تئیں انتہائی مثبت رخ ہے ، معیشت کے ہر حصے میں دور رس اصلاحات کئے گئے ہیں۔اسی کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ سال 2016-17 میں ملک میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم نے 24 ممالک سے آئے ہندوستان نژاد 134 ممبران پارلیمنٹ اور میئرز کو ملک میں ہو رہے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بتاتے کہا کہ ملک میں 21 ویں صدی کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے بنیادی سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور قومی شاہراہوں اور ریلوے لائنوں کو بچھانے اور پانی کار استہ بنانے کی سمت میں تیزرفتاری سے سے کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ساتھ تعلقات میں ہندوستانی غیر مقیم ملک کے سفیر کی طرح ہیں اور حکومت ہند آپ کے ہر مسئلے کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ دنیا میں جب بھی کہیں کوئی ہندوستان نژاد شہری کوئی کامیابی حاصل کرتا ہے تو ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے کیونکہ ہندوستان اسکو اپنا سمجھتا ہے اور اسی وجہ سے آج وہ تمام تارکین وطن سے موجودہ ہندوستان کی تعمیر کی ترقی کے سفر میں شراکت کی اپیل کرتے ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا کہ غیر مقیم ہندوستانی، آج ملک میں جو ترقی کا ماحول بنا ہے اس کے بارے میں اپنے اپنے ممالک اور معاشرے میں بیداری پھیلائیں اور ہندوستان کی ترقی میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نژاد شہری بڑی- بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں اور ان کا ہندوستان کی ترقی کی سفر میں کامل یقین ہے کیونکہ وہ اپنے آپ کو اس میں ایک فریق مانتے ہیں۔
انہوں نے اگلے سال پریاگ میں ہونے والے کنبھ کے انعقاد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے سیکٹر کے لئے یہ بہت بڑا موقع ہے اور ہندوستان نژاد شہری اس موقع پر اپنی جڑوں سے جڑنے کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار اداکر سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں صحت کے شعبہ کے مسائل کے حل کے لئے وہ ہندوستان کی قدیم ہالسٹک اصول طب کی معلومات دے سکتے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان نژاد ٹیچر ایک خاص منصوبہ کے تحت ایک سے تین ماہ تک مختلف تعلیمی اداروں میں اپنی خدمات دے کر نوجوانوں کو اپنے تجربات کی آگاہی دے سکتے ہیں۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ آپ نے دوسرے ممالک میں جاکر وہاں کے ماحول میں گھلنے ملنے کے باوجود ہندوستان کی تہذیب و ثقافت، اقدار اور ہندوستانیت کو زندہ رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوا سو کروڑ ہندوستانیوں کو آپکی ان کامیابیوں پر فخر ہے ۔
 اس سے پہلے وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہندوستان نژاد ارکان پارلیمنٹ اور میئرز کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے نمائندے منفی حالات کے باوجود اس کانفرنس میں حصہ لینے آئے ہیں اور وہ ان کے تئیں شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بنیادی طور پر دو موضوعات رکھے گئے ہیں جن میں غیر مقیم ہندوستانی اپنے پارلیمنٹ تک کے سفر کے بارے میں اور ابھرتے ہوئے ہندوستان میں تارکین وطن کے رول پر اپنے خیالات پیش کریں گے ۔

Ads