Jadid Khabar

رمضان میں چارمینار نائٹ بازار کی رونق عروج پر

Thumb

حیدرآباد،12جون(یواین آئی)پرانا شہر حیدرآباد کے تاریخی چارمینار علاقہ میں نائٹ بازار کی رونق دیکھنے لائق ہے ۔رمضان میں رات کے اوقات میں شاپنگ کے لئے اس علاقہ میں کافی ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔اس علاقہ میں رنگ برنگی چوڑیوں سے ساتھ ساتھ نئے قسم کے ڈیزائنرکپڑے ، بچوں کے لئے ملبوسا ت اوردیگر سامان فروخت کیاجاتا ہے جس کی خریداری کیلئے رمضان المبارک میں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔رمضان میں نائٹ بازار ایک روایت بن گئی ہے ۔ پرانا شہر کے ساتھ ساتھ نئے شہر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس علاقہ میں شاپنگ کے لئے آتے ہیں ۔یہاں شاپنگ کرنے والوں نے بتایا کہ رات کے اوقات میں اس علاقہ میں شاپنگ کرناایک روایت بن گئی ہے اورانہیں شاپنگ کرنا اچھالگتا ہے ۔ یہاں کی عطریات بھی کافی مشہور ہیں۔ڈی سی پی ساوتھ زون وی ستیہ نارائنا نے کہا کہ اس علاقہ میں رمضان کے آخری حصہ میں شاپنگ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی افراد کے ساتھ ساتھ اس بازار میں خریداری کے لئے پڑوسی ریاست کرناٹک کے علاقوں گلبرگہ،بیدر کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے اضلا ع محبوب نگر ، رنگاریڈی ،نلگنڈہ سے نہ صرف مسلمان بلکہ ہندو بھی اس بازار سے خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ خانی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے 15شی ٹیموں کے ساتھ ساتھ 15انسداد سبوتاج ٹیموں،ڈاگ اسکواڈس کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔شاہ علی بنڈہ سے نیاپل تک 650کیمرے لگائے گئے ہیں جن کے ذریعہ اس علاقہ پر کمانڈ کنٹرول سنٹر سے نظررکھی جارہی ہے ۔

Ads