Jadid Khabar

مکہ مکرمہ سربراہ اجلاس : اردن کے لیے 2.5 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج

Thumb

مکہ مکرمہ ،11جون (ایجنسی ) اردن میں جاری معاشی بحران کے تناظر میں سعودی عرب کی میزبانی میں چار ممالک کا اہم اجلاس اتوار کی شام مکہ مکرمہ میں ہوا۔ اس سربراہ اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ ان کے علاوہ اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم، امیرِ کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد نے بھی شرکت کی۔سربراہ اجلاس میں اردن کے لیے 2.5 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا۔ پیکج میں درجِ ذیل اقدامات شامل ہوں گے :1۔ اردن کے مرکزی بینک میں رقم ڈپازٹ کرنا۔2۔ اردن کے حق میں عالمی بینک کو ضمانتیں پیش کرنا۔3۔ پانچ برس تک اردن کے سرکاری بجٹ کو سپورٹ کرنا۔4۔ ترقیاتی فنڈز سے اردن میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقوم پیش کرنا۔اس موقع پر شاہ عبداللہ دوم نے اجلاس کے انعقاد پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا اور ان کے نیک جذبات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اردن کے فرماں روا نے اجلاس میں شرکت پر کویت اور متحدہ عرب امارات کے لیے بھی اظہار تشکر کیا۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ وہ اردن کے حالیہ بحران کے خاتمے کے لیے تینوں ممالک کی جانب سے پیش کیے جانے والے امدادی پیکج پر انتہائی ممنون ہیں۔سربراہ اجلاس سے قبل تمام شخصیات مکہ مکرمہ میں قصرِ صفا آئیں۔