Jadid Khabar

جموں و کشمیر میں بڑی سازش ناکام، پونچھ میں دو آئی ای ڈی اور دھماکہ خیز مواد برآمد

Thumb

جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی سازش کو ناکام بناتے ہوئے آئی ای ڈی اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق منڈی تحصیل کے چھاجلا پل کے قریب مشتبہ اشیاء کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، فورسز نے دو آئی ای ڈی، ایک کلوگرام سے زائد آر ڈی ایکس جیسا دھماکہ خیز مواد، ایک بیٹری، دو کمبل اور کچھ کھانے پینے کی اشیاء برآمد کیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کیا گیا، جس نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا۔

پونچھ-منڈی سڑک کو بند کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس برآمدگی کو ملی ٹینٹوں کی ممکنہ حملے کی سازش کا حصہ قرار دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اور دیگر ایجنسیاں مشتبہ افراد کی شناخت اور ان کے ارادوں کی جانچ کر رہی ہیں۔
دریں اثنا، جمعرات کو ہی ڈوڈہ اور ادھم پور میں دو مشتبہ ملی ٹینٹوں کو گرفتار کیا گیا، جو مبینہ طور پر سرحد پار ملی ٹینٹ گروہوں سے رابطے میں تھے۔ ان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد اور اہم دستاویزات برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
حال ہی میں، جموں و کشمیر میں ملی ٹینٹوں سکیورٹی فورسز کے درمیان کئی جھڑپیں ہوئیں، جن میں متعدد ملی ٹینٹ اور ان کے کمانڈر مارے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے جوان بھی شہید ہوئے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، گزشتہ چند سالوں میں پیر پنجال علاقے میں ملی ٹنسی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، وادی کشمیر میں سخت کارروائیوں کے بعد ملی ٹینٹ ان پہاڑی علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔