ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کو منگل کی صبح اپنی ہی لائسنس یافتہ ریوولور سے گولی لگ گئی، جس کے باعث وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ ’این ڈی ٹی وی‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ صبح 4 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ کہا جا رہا ہے کہ گووندا پستول کو کیس میں رکھ رہے تھے، کہ اچانک گولی چل گئی جو ان کے بائیں پاؤں میں گھٹنے کے قریب لگی۔
گولی کی آواز سن کر گھر میں موجود افراد ان کے پاس پہنچے اور فوراً انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے پاؤں سے گولی نکالی گئی اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔ تاہم، اداکار ابھی ہوش میں نہیں آئے ہیں۔ انہیں ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اداکار تقریباً 4 بجے اپنی جوہو میں واقع رہائش سے نکلنے والے تھے، کہ اچانک ریوالور سے گولی چل گئی جو ان کے پاؤں میں لگی۔ اس معاملہ میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔گووندا کے منیجر نے بتایا، ’’ہمیں کولکاتا میں ایک پروگرام کے لیے صبح 6 بجے پرواز بھرنی تھی اور میں ایئرپورٹ پہنچ چکا تھا۔ گووندا جی اپنے گھر سے ایئرپورٹ کے لیے نکلنے والے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ریوالور الماری میں رکھتے ہوئے غلطی سے گر گئی اور گولی چل گئی۔ اوپر والے کا شکر ہے کہ گووندا جی کو صرف پاؤں میں چوٹ لگی اور کوئی سنگین صورت حال نہیں ہے۔‘‘
گووندا کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی خبر پاتے ہی ان کے مداح بہت پریشان ہو گئے ہیں۔ لوگ ان کی صحت کی دعا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گووندا نے ’قلی نمبر 1‘، ’ہیرو نمبر 1‘، ’چھوٹے سرکار‘ اور ’حد کر دی آپ نے‘ جیسی کئی فلموں میں شاندار اداکاری کی ہے۔ وہ گزشتہ 5 سالوں سے فلموں سے دور ہیں اور اس وقت سیاسی جماعت شیوسینا کے ساتھ ہیں، جب کہ وہ اس سے پہلے کانگریس میں تھے۔