Jadid Khabar

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب اپنے موقف پر ثابت قدم ہے: شاہ سلمان

Thumb

ریاض،16مئی ( ایجنسی ) سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بد ترین جارحیت میں نہتّے فلسطینیوں کی شہادت اور بے قصور مظاہرین کے زخمی ہونے پر مملکت کی جانب سے سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطے میں انہوں نے شہداء کے لیے مغفرت اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔اس موقع پر شاہ سلمان نے باور کرایا کہ مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں سعودی عرب کا موقف ثابت قدمی پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مملکت بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق لسطینیوں کے قانونی حقوق واپس دلانے کے حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔سعودی فرماں روا نے زور دیا کہ فلسطینیوں کے خلاف پر تشدد کارروائیاں روکے جانے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت عرب لیگ کے وزراء  خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کرتی ہے تا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے مطلوبہ اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے خادم حرمین شریفین کے گراں قدر جذبات پر ان کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور مملکت سعودی عرب کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کی مسلسل سپورٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

Ads