Jadid Khabar

ہند۔نیپال تعلقات تریتا یگ سے : مودی

Thumb

جنک پور' 11 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بیٹی روٹی کا تعلق ہے جو تریتا یگ سے چلا آرہا ہے ۔مسٹر مودی نے جانکی مندر کے قریب عوامی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عقیدہ' نقطہ نظر' خوشی اور چیلنجز یکساں ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تریتا یگ میں راجہ جنک اور راجہ دشرتھ کے دور سے دوستی ہے ۔ جانکی دھام کے بغیر اجودھیا ادھورا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنا ہی نہیں ودیاپتی کی تخلیقات میں ہندوستان اور نیپال کو یکساں اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں لیکن دونوں ملکوں کے تعلقات لافانی ہیں جو 'دیو نیتی' سے بھی وابستہ ہے ۔انہوں نے نیپال کو روحانیت اور فلسفہ کا مرکز بتاتے ہوئے کہا کہ لمبنی بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہے جب کہ جنک پور ماں جانکی کی۔ ماں سیتا اس روایت کی علامت ہیں جو دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے ۔ سیتا' قربانی' تپسیا اور جدوجہد کی علامت ہیں اور ہم اس روایت کو علمبردار ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ راجہ جنک عوام کے لئے کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے اس پر ماہرین کے ساتھ صلاح و مشورہ کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب دونوں ملکوں پر کوئی آفت آئی تو انہوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ہندوستان دہائیوں سے نیپال کے مستقل ترقی میں شریک کار رہا ہے ۔ ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت کی طر ف آگے بڑھ رہا ہے اور نیپال بھی تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ترقی کی پہلی شرط جمہوریت ہے اور یہ نظام اسے مضبوطی فراہم کررہا ہے ۔ انہوں نے جمہوری طریقے سے الیکشن منعقد کرنے کے لئے نیپال کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام نے اپنی امیدو ں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لئے ایک نئی حکومت کو منتخب کیا ہے ۔ ایک سال کے اندر تین سطحوں پر کامیابی کے ساتھ انتخابات کرائے گئے ہیں جو قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیپال کے سات صوبوں میں منتخب حکومتیں قائم ہوئی ہیں جو ہندوستان کے لئے فخر کا موجب ہے ۔ نیپال سماجی اقتصادی تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دس سال پہلے نیپال کے نوجوانوں نے بلٹ چھوٹ کر بیلٹ اپنایا تھا۔ جمہوریت دونوں ملکوں کے قدیم تعلقات کو اور بھی مضبوط کرتی ہے اور ہندوستان نے اس طاقت کو محسوس کیا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کا دہلی میں خیر مقدم تھا۔ مسٹر اولی کا خواب نیپال کی خوشحالی ہے اور ہندوستان سب کا ساتھ سب کا وکاس کے فارمولے پر آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیپال سے ملحق مشرقی ریاستوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ یہ علاقہ ملک کے بقیہ حصے کی برابری کرسکے جس سب سے زیادہ فائدہ نیپال کو ملے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی آزادی کے 75سال 2022میں پورے ہورہے ہیں اور اس وقت تک انہوں نے نیو انڈیا بنانے کا عزم کیا ہے ۔ اس کا ہدف غریبوں کو ترقی کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنا' بھیدبھاو اور اونچ نیچ کو ختم کرنا اور بچوں کی تعلیم' نوجوانوں کی کمائی اور بزرگوں کی دوائی فراہم کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی بدعنوانی ختم کرنا اور زندگی کو آسان بنانا بھی اس کا مقصد ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ انتظامیہ کو سہل بنایا گیا ہے اور طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے ۔ جس کی پوری دنیا میں تعریف کی جارہی ہے ۔ عوامی شراکت سے قوم کی تعمیر کو مضبوط کیا جارہا ہے ۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کنکٹی ویٹی کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک نہ صرف ندیوں سے جڑے ہیں بلکہ کھلی سرحد سے بھی لوگ روک ٹوک کے بغیر آمدورفت کرتے ہیں۔ اسے اب ہائی وے ' ریلوے ' بجلی' فضائی راستے کی توسیع اور آبی گذرگاہوں سے جوڑنا ہے جس سے تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جے نگر سے جنک پور تک نئی ریل لائن بچھانے کا کام تیزی سے چل رہا ہے اور اس سال کے آخر تک اسے مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

Ads