Jadid Khabar

خاتون ڈی ایس پی سے آئی آر ایس ہونے کا دھوکہ دے کرکی شادی

Thumb

عام لوگوں کے ساتھ شادی کے نام پر دھوکہ دینے اور دھوکہ کھانے کی خبریں تو آپ نے سنی ہی ہوں گی لیکن یوپی کی ایک تیز و  طرار خاتون پولیس افسر اور لیڈی سنگھم کے نام سے مشہور ڈپٹی ایس پی شریشٹھا ٹھاکر بھی اس کا شکار بن گئیں۔ شریشٹھا ٹھاکر نے جس شخص سے یہ سوچ کر شادی کی کہ وہ آئی آر ایس آفیسر ہے دراصل ایک دھوکہ باز نکلا۔

’آج تک‘ نیوز چینل کی ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق اس خاتون افسر کی روہت راج نامی شخص سے ایک ’میٹرومونیل‘ ویب سائٹ کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی۔ اس نے خود کو 2008 کے بیچ کا آئی آر ایس افسر بتایا تھا اور رانچی میں کمشنر کے عہدے پر تعینات ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ جب خاتون افسر نے اس کی تصدیق کی تو اس نام کا ایک افسر رانچی میں تعینات تھا۔ اس دھوکہ بار شخص نے اسی نام کا فائدہ اٹھایا اور رانچی میں تعینات اس افسر کا نام استعمال کیا۔
خبر کے مطابق کانپور کی رہنے والی شریشٹھا ٹھاکر بچپن میں چھیڑ چھاڑ کا شکار ہوئی تھیں۔ جب وہ پڑھائی کے لیے کانپور پہنچیں تو دیکھا کہ بدمعاش اکثر کالج کے باہر لڑکیوں کو چھیڑتے ہیں۔ شریشٹھا ٹھاکر نے اس کی شکایت پولیس سے کی، جسے اس وقت سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ شریشٹھا نے اسی وقت یہ فیصلہ کیا کہ وہ خود پولیس آفیسر بنیں گی اور ایسے لوگوں کو سبق سکھائیں گی جو لڑکیوں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں۔
شریشٹھا ٹھاکر کے اس فیصلے میں ان کے گھر والوں نے بھی ان کا ساتھ دیا اور 2012 میں انہوں نے یوپی پی سی ایس کا امتحان پاس کیا اور پولیس میں ڈی ایس پی بن گئی۔ پولیس فورس میں شامل ہونے کے بعد اپنی تیز رفتار کارروائی اور مقدمات کو حل کرنے کی منطقی صلاحیت کی وجہ سے ان کا شمار ریاست کے تیز و طرار پولیس افسران میں کیا جانے لگا۔
6 سال کی سروس کے بعد شریشٹھا ٹھاکر نے آئی آر ایس افسر سمجھ کر دھوکے باز روہت راج سے شادی کر لی لیکن اس کی حرکتوں کی وجہ سے جلد ہی سچائی شریشٹھا ٹھاکر کے سامنے آگئی۔ اپنے شوہر کی دھوکہ دہی کا علم ہونے کے بعد بھی شریشٹھا ٹھاکر شادی کو بچائے رکنھے کے لیے خاموش رہیں۔ اس کے بعد ان کا دھوکے باز شوہر اپنی بیوی شریشٹھا ٹھاکر کے نام پر لوگوں کو ڈرا دھمکا کر پیسے وصول کرنا شروع کر دیا، جس کی شکایت ڈپٹی ایس پی شریشٹھا ٹھاکر تک پہنچنے لگی۔ اس کے بعد شریشٹھا ٹھاکر نے شادی کے محض 2 سال بعد ہی اپنے دھوکے باز شوہر سے طلاق لے لی۔
یہ بھی پڑھیں : ہلدوانی تشدد : مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپئے اور بے جا گرفتاری پر روک کا مطالبہ
2012 بیچ کی پی سی ایس آفیسر شریشٹھا ٹھاکر اس وقت شاملی میں تعینات ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ جہاں بھی تعینات ہوتی ہیں، ان کا سابق دھوکہ باز شوہر وہاں پہنچ جاتا ہے اور شریشٹھا ٹھاکر کے نام پر لوگوں سے پیسے وصولنے لگتا ہے۔ اسی طرح کی شکایات موصول ہونے کے بعد شریشٹھا ٹھاکر نے اپنے سابق شوہر کے خلاف غازی آباد کے کوشامبی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تفتیش شروع کر دی۔