Jadid Khabar

ایک شخص کے تکبر نے خود تشہیر کے لیے صدر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح سے محروم کر دیا: کانگرس

Thumb

نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کو ایک بار پھر نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا۔ کانگریس نے کہا کہ یہ خود کی تشہیر کے لئے ایک فرد کا تکبر ہے جس نے صدر دروپدی مرمو کو 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے آئینی اختیار سے محروم کر دیا۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا ’’صدر دروپدی مرمو نے کل رانچی میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ یہ ایک آدمی کا تکبر اور خود کی تشہیر کرنے کی خواہش ہے جس نے 28 مئی کو نئی دہلی میں پہلی قبائلی خاتون صدر کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے سے محروم کر دیا۔ اشوک دی گریٹ، اکبر دی گریٹ، مودی انیگوریٹ!‘‘
کانگریس کا تازہ حملہ 19 ہم خیال جماعتوں کے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔ وائی ​​ایس آر سی پی اور بی جے ڈی نے بدھ کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کر دیا تھا۔ اس سے پہلے آر جے ڈی، عآپ، ترنمول کانگریس، جے ڈی (یو) اور سی پی آئی (ایم) بھی بائیکاٹ کا اعلان کر چکی ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں اپوزیشن جماعتوں نے کہا ’’نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر صدر دروپدی مرمو کو مکمل طور پر نظرانداز کرنا نہ صرف ان کی توہین ہے بلکہ جمہوریت پر بھی براہ راست حملہ ہے۔ جب جمہوریت کی روح پارلیمنٹ سے نکال دی گئی ہو تو ہمیں نئی ​​عمارت کی کوئی اہمیت نظر نہیں آتی۔ ہم پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے بائیکاٹ کے اپنے اجتماعی فیصلے کا اعلان کرتے ہیں۔‘‘